یمن پر سعودی عرب کے جارحانہ ہوائی حملے جاری
یمن کے مرکزی علاقوں پر سعودی عرب کے ہوائی حملے میں چھ عام شہری شہید ہوگئے-
المسیرہ کی رپورٹ کے مطابق اتوار کو سعودی عرب کے بمبار طیاروں کے حملوں میں، صوبہ مآرب میں چھ عام شہری شہید ہوگئے جن میں تین بچے بھی شامل ہیں-
ان حملوں کے نتیجے میں گھروں ، گاڑیوں اور یمنی شہریوں کے اموال کو کافی نقصان پہنچا ہے-
المیادین نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق یمن کے مستعفی صدر منصور ہادی اور ان کے معاون، یمنی فوج اور عوامی فورس کے ہاتھوں بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانے کے بعد سعودی فورسیز کے حوصلے بلند کرنے کے لئے یمن کے مرکز صوبہ مارب میں داخل ہوگئے ہیں-
دوسری جانب یمن کے مستعفی صدر منصور ہادی نے ایک دھمکی آمیز بیان میں کہا ہے کہ اگر اقوام متحدہ ، یمن کے امور میں اپنے خصوصی نمائندے اسماعیل ولد الشیخ احمد کے ذریعے سے اپنے مجوزہ روڈمیپ کو ہم پر مسلط کرنے کی کوشش کرے گی تو یمن کے امن مذاکرات، جو پندرہ جولائی سے دوبارہ شروع ہونے والے ہیں، التوا میں پڑ جائیں گے-
یہ ایسی حالت میں ہے کہ کویت میں یمن سے متعلق تین ماہ سے جاری امن مذاکرات اور جنگ بندی کے اعلان کے باوجود، آل سعود حکومت اور یمنی ایجنٹوں کے حملے اور جنگ بندی کی خلاف ورزی مسلسل جاری ہے- کویت میں یمن کے تعلق سے امن مذاکرات، رواں سال جون کے اختتام پر ریاض کی جانب سے مسلسل رکاوٹیں کھڑی کئے جانے کے سبب، کوئی نتیجہ حاصل ہوئے بغیر ہی، ملتوی کردیئے گئے-