صیہونی حکومت کی جانب سے غزہ کا محاصرہ مزید سخت
صیہونی حکومت نے فلسطینیوں کے خلاف اپنی جنگ پسندانہ پالیسیوں کو جاری رکھتے ہوئے غزہ کا محاصرہ اور زیادہ سخت کر دیا ہے۔
فلسطین کے انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے غزہ کا محاصرہ اور زیادہ سخت کر دیا ہے اور اس نے تجارتی معاملات سے متعلق ایسے ایک تہائی اجازت نامے بھی منسوخ کر دئے ہیں جو شاباک نےجاری کئے تھے۔
خبروں میں کہا گیا ہے کہ صیہونی حکومت نے غزہ کے خلاف درآمدات اور برآمدت پر جو پابندیاں عائد کر رکھی ہیں ان کی وجہ سے اس علاقے میں شدید اقتصادی بحران پیدا ہو گیا ہے اور غزہ کے تاجروں کو بھی بے پناہ نقصان ہو رہا ہے-
دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی حکومت گذشتہ فروری کے مہینے سے فلسطینی تاجروں کے لائسنس بتدریج منسوخ کر رہی ہے- جبکہ صیہونی حکومت نے غزہ کا محاصرہ سخت کرنے کی غرض سے اس علاقے میں ڈاک سروس پر بھی پابندی لگا دی ہے-
یاد رہے کہ صیہونی حکومت نے دو ہزار سات سے غزہ کا محاصرہ سخت کر رکھا ہے اور اس نے بنیادی ضرورت کی اشیا منجملہ ایندھن اور دواؤں کی ترسیل پر بھی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔