Jul ۲۶, ۲۰۱۶ ۱۲:۲۰ Asia/Tehran
  • یمن میں سعودی عرب کا ایک ہیلی کا پٹر گر کر تباہ

یمن کے صوبوں مارب اور جوف کے درمیان ایک علاقے میں سعودی حکومت کی سرکردگی میں عرب اتحاد کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔

یمن کے المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر اس وقت تباہ ہوا جب وہ اتحادی فوج کی مدد کے مشن پر تھا۔ ابھی تک اس ہیلی کاپٹر کی تباہی کے بارے میں مزید تفصیلات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

یہ ایسے وقت میں ہے کہ جب سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی نے سعودی وزارت داخلہ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ سعودی عرب کی سرحدی فورس کے پانچ اہلکار نجران کے علاقے میں مارے گئے ہیں۔

دوسری جانب تحریک انصار اللہ یمن نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ اس نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے جیزان میں عرب اتحاد کے ایک فوجی اڈے پر ایک بیلیسٹک میزائل سے حملہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے بعض عرب ممالک کے ساتھ مل کر امریکہ کی حمایت سے غریب عرب ملک یمن کو چھبیس مارچ دو ہزار پندرہ سے اپنی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے۔ جس میں اب تک ہزاروں افراد جاں بحق اور زخمی ہو چکے ہیں جبکہ اس ملک کی اسی فیصد بنیادی تنصیبات بھی تباہ ہو گئی ہیں۔