Jul ۲۷, ۲۰۱۶ ۰۹:۵۵ Asia/Tehran
  • بشار اسد نے  کہا کہ شام کی جنگ میں علاقے اور دنیا کے لیے کئی سبق پوشیدہ تھے ۔
    بشار اسد نے کہا کہ شام کی جنگ میں علاقے اور دنیا کے لیے کئی سبق پوشیدہ تھے ۔

یونان کے سیاسی اور پارلیمانی وفد نے منگل کے روز دمشق میں شام کے صدر بشار اسد سے ملاقات کی ہے۔

شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق، شام کے صدر بشار اسد نے یونان کی عیسائی ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ، پازوک پارٹی کے سربراہ اور ان دونوں پارٹیوں کے بعض عہدیداروں سے ملاقات میں کہا کہ بہت سے یورپی ملکوں کے سربراہوں کا شام کے ساتھ مس‏ئلہ اس کی خودمختاری ہے۔

انھوں نے کہا کہ شام کی جنگ میں علاقے اور دنیا کے لیے کئی سبق پوشیدہ تھے اور اس کی دلیل اور وجہ یورپ سمیت دنیا کے بہت سے ملکوں میں دہشت گردی کی لہر کا پھیلنا ہے۔

بشار اسد نے مغربی ممالک کی جانب سے شام میں دہشت گرد گروہوں کی حمایت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شام کو کمزور کرنے اور اسے مغربی پالیسیوں کی پیروی کرنے والے ایک ملک میں تبدیل کرنے کے لیے دہشت گردی کی حمایت کی گئی، لیکن یورپی ملکوں کی غلط پالیسیوں نے سیکورٹی اور اقتصادی لحاظ سے قوموں پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔ بشار اسد نے مزید کہا کہ شام کے عوام امن کے قیام کے لیے جدوجہد اور اپنے ملک کا دفاع کرنے کے بارے میں پرعزم ہیں۔

یونانی وفد نے بھی اس بات پر زور دیا کہ اس بات کے پیش نظر کہ شام اس وقت دہشت گردی کے خلاف جنگ کی فرنٹ لائن پر ہے، یونان کےعوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شام کی حمایت کرتے ہیں۔

یونان کے سیاسی اور پارلیمانی وفد نے مزید کہا کہ وہ شام کے حالات کی صحیح تصویر پیش کرنے کے لیے اپنی پوری کوشش کریں گے۔

ٹیگس