Aug ۰۱, ۲۰۱۶ ۲۰:۲۲ Asia/Tehran
  •  بحرین : آمریت مخالف عالم دین کو قید کی سزا

بحرین کی شاہی حکومت کی نمائشی عدالت نے ایک اور آمریت مخالف عالم دین کو قید کی سزا سنائی ہے۔

خبروں میں بتایا گیا ہے کہ بحرین کی شاہی حکومت کی نمائشی عدالت نے علماء کونسل کے سینیئر رکن شیخ محمد المنسی کو ایک سال قید کی سزا سنائی ہے۔ شیخ محمد المنسی، شاہی حکومت کی جانب سے مسمار کی جانے والی مساجد کے معاملات کی پیروی کر رہے تھے اور انہوں نے حکومت کے اس اقدام پر بارہا نکتہ چینی کی تھی۔ بحرین کی شاہی حکومت نے ان پر عوام کو حکومت کے خلاف اکسانے اور وزارت داخلہ کی توہین جیسے الزامات عائد کئے ہیں اور ایک اطلاع کے مطابق شاہی حکومت کے پراسیکیوٹر جنرل نے علماء کونسل کے صدر سید مجید المشعل کی مدت حراست میں پندرہ روز کی توسیع کردی ہے۔ اس سے قبل بحرین کی وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ سید مجید المشعل کو غیر قانونی اجتماع کے لئے لوگوں سے اپیل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے شاہی حکومت کے خلاف عوامی تحریک جاری ہے۔ بحرین کے عوام سماجی انصاف کے قیام، تعصبات کے خاتمے اور منتخب حکومت کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ بحرین کی شاہی حکومت، عوام کے جائز مطالبات پورے کرنے کے بجائے، سعودی عرب اور دیگر اتحادی ملکوں کے کرائے کے فوجیوں کے ساتھ مل کر اس تحریک کو کچلنے کی کوشش کر رہی ہے جس کے دوران ایک سو پچاس افراد شہید ہو چکے ہیں۔