Aug ۰۴, ۲۰۱۶ ۱۸:۴۲ Asia/Tehran
  • بحرین: آل خلیفہ حکومت کے خلاف جاری احتجاج

بحرین کے انقلابی نوجوانوں کے اتحاد نے اعلان کیا ہے کہ بحرینی قوم، آل خلیفہ حکومت کے آگے گھٹنے نہیں ٹیکے گی۔

اطلاعات کے مطابق چودہ فروری کے انقلاب نامی بحرینی نوجوانوں کے اتحاد نے جمعرات کو ایک بیان میں تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ بحرینی عوام، آل خلیفہ حکومت کے سخت مخالف ہیں اور وہ اپنی سرنوشت کے تعین میں شرکت کے خواہاں ہیں۔ بحرینی انقلابی نوجوانوں کے اتحاد نے آل خلیفہ حکومت کے ہاتھوں علما و منقبت خوانوں اور انقلابیوں کی گرفتاری کی مذمت کی اور اس کو آل خلیفہ حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کے جاری رہنے اور شیعوں نیز ان کی مذہبی شناخت پر حملے کی علامت قرار دیا۔ ادھر بحرین کی تحریک عمل اسلامی کے سیکریٹری جنرل کے جانشین شیخ عبداللہ صالح نے نسیم خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحرینی عوام کی ثابت قدمی اور استقامت کی وجہ سے آل خلیفہ حکومت نے جارحانہ کارروائیوں پر مبنی اپنی پالیسی مزید سخت کردی ہے لیکن بحرینی عوام کے لئے یہ پالیسی عام بات ہو گئی ہے اور یہ کہ بحرینی عوام جانتے ہیں کہ وہ ایک بڑے قید خانے میں رہ رہے ہیں۔ شیخ عبداللہ صالح نے کہا کہ بحرینی شیعہ رہنما آیۃ اللہ شیخ عیسی قاسم پر کسی بھی طرح کا حملہ ایک بہت خطرناک اقدام ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحرینی عوام کا انقلاب، بحرینی قوم کے منطقی اور منصفانہ مطالبات کو پیش کرتا ہے اور عوام اس سلسلے میں پیچھے نہیں ہٹیں گے نیز عوامی مطالبات کی تکمیل تک عوامی انقلاب جاری رہے گا۔