یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے ارکان کے ناموں کا اعلان
یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل نے اپنے پہلے اجلاس میں تحریک انصار اللہ کے صالح صماد کو صدر اور نیشنل کانگریس کے قاسم البوزہ کو نائب صدر منتخـب کر لیا۔
یمن کی تحریک انصاراللہ نے ہفتے کی صبح ملک کی سابق حکمراں جماعت نیشنل کانگریس کے ساتھ تاریخی معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد اعلی سیاسی کونسل کے ارکان اور عہدیداروں کے ناموں کا اعلان کر دیا۔ دس رکنی اعلی سیاسی کونسل میں انصاراللہ اور نیشنل کانگریس کے پانچ پانچ ارکان شامل ہیں۔ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی غرض سے تشکیل دی جانے والی یہ اعلی اختیاراتی کونسل، آئین کے تحت ملک کا سیاسی، فوجی، اقتصادی اور ادارہ جاتی نظام چلانے کی ذمہ دار ہو گی۔ اس کونسل کی صدارت بھی مرحلہ وار طریقے سے دونوں سیاسی جماعتوں کے درمیان گردش کرے گی۔ یمن کی اعلی سیاسی کونسل کا قیام ایسے وقت میں عمل میں آیا ہے جب کویت امن مذاکرات میں شریک یمن کے سابق مفرور صدر منصور ہادی کے مذاکراتی وفد کے سربراہ عبدالملک مخلافی نے مذاکرات کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔ یمن کے قومی وفد اور سعودی عرب سے وابستہ وفد کے درمیان اکیس اپریل دو ہزار سولہ سے مذاکرات جاری تھے تاہم سعودی حکومت کے مداخلت پسندانہ اقدامات کی وجہ سے مذاکرات کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہو سکا۔