Aug ۱۴, ۲۰۱۶ ۲۰:۱۱ Asia/Tehran
  • مسجدالاقصی میں جھڑپیں، 15 فلسطینی زخمی

مسجد الاقصی پر اسرائیلی فوجیوں اور صیہونی آباد کاروں کے حملے میں کم سے کم پندرہ فلسطینی زخمی ہو گئے۔

فلسطین ٹوڈے کے مطابق اتوار کے روز چار سو سے زیادہ صیہونی آبادکاروں نے اسرائیلی فوجیوں کی حمایت سے باب المغاربہ کی جانب سے مسجد الاقصی کے صحن میں داخل ہونے کی ناپاک جسارت کی جس کے دوران ان کی فلسطینیوں کے ساتھ شدید جھڑپیں ہوئیں۔

فلسطین کی  ہلال احمر سوسائٹی نے بتایا ہے کہ صیہونی فوجیوں کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں میں کم سے کم پندرہ فلسطینی زخمی ہوئے جن میں سے تین افراد کو شدید زخم آئے ہیں اور انہیں اسپتال منتقل کرنا پڑا۔

دوسری جانب تنظیم آزادی فلسطین نے مسجد الاقصی پر صیہونی آباد کاروں کے پے در پے حملوں کی بابت سخت خبردار کیا ہے۔ بیت المقدس کے بارے میں پی ایل او کے نگراں ادارے کے جاری کردہ بیان کے مطابق مسجد الاقصی پر صیہونی آبادکاروں کے حملے مذہبی اور انسانی اقدار و رسومات کے خلاف ہیں۔

ادھر فلسطین کے متعدد سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نے فلسطینی عوام سے مسجد الاقصی پر صیہونی آبادکاروں کے حملوں کے خلاف ڈٹ جانے کی اپیل کی ہے۔ ایک اور اطلاع کے مطابق صیہونی آبادکاروں کے ایک گروپ نے مقبرہ باب الرحمہ کی بھی بے حرمتی کی اور مقبوضہ بیت المقدس کے قدیم علاقے میں تلمود کی رسم ادا کی ہے۔صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں کو زبردستی مقبوضہ بیت المقدس کے قدیمی علاقے اور مسجد الاقصی سے باہر نکال دیا تھا۔