بحرین: شاہی حکومت کے ظالمانہ اقدامات پر تنقید
بحرین کی شاہی حکومت کو سیاسی حلقوں کی جانب سے شدید تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے
جمعیت اسلامی الوفاق ملی کے نائب سربراہ شیخ حسن الدیہی نے شاہی حکومت کے سخت گیرانہ اقدامات کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ المنار کی رپورٹ کے مطابق شیخ حسن الدیہی نے منگل کے روزاپنے بیان میں آیتہ اللہ شیخ عیسی قاسم جیسے بزرگ مذہبی رہنما اور دیگر علما کے خلاف حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر کڑی تنقید کرتے ہوئے شاہی حکومت کو انتباہ دیا کہ بحرینی عوام کی آغوش میں واپس لوٹنے، ان کا احترام کرنے اوران کے حقوق کی حمایت اور اعادے کے علاوہ کوئی چیز تمھیں نجات نہیں دلاسکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ بحرین میں ظلم کی بساط بہت جلد لپٹنے والی ہے۔ جمعیت الوفاق کے نائب سربراہ نے "آیتہ اللہ شیخ عیسی قاسم" کے خلاف شاہی حکومت کے تازہ اقدامات پر انتباہ دیتے ہوئے آل خلیفہ سے مطالبہ کیا کہ علما کے خلاف اقدامات سے باز رہے۔ آل خلیفہ کی شاہی حکومت سے وابستہ پراسیکیوٹر جرنل " احمدالدوسری" نے انتہائی مضحکہ خیز دعوی کیا ہے کہ آیتہ اللہ شیخ عیسی قاسم اور دیگر علما منی لانڈرنگ اور غیرقانونی رقوم جمع کرنے میں ملوث ہیں۔ درایں اثنا العالم نے اپنی ایک تازہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ بحرین کی شاہی حکومت سے وابستہ سیکورٹی اہلکاروں نے" شیخ عبدالرسول البقالی" کو ہراساں کرنے کے لئے پولیس مرکز میں طلب کرکے ان سے پوچھ گچھ کی ہے۔