Aug ۲۱, ۲۰۱۶ ۱۶:۳۴ Asia/Tehran
  • بحرین میں شاہی حکومت کے خلاف عوامی مظاہرے جاری

بحرین کے عوام نے ایک بار پھر ملک کی اکثریتی شیعہ آبادی کے رہنما آیت اللہ عیسی قاسم کی حمایت میں مظاہرے کیے ہیں۔

ہمارے نمائندے کے مطابق بحرین کے عوام نے شبانہ مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ہفتے کی رات بھی ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرے کیے اور آیت اللہ عیسی قاسم کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ مغربی منامہ کے نواحی علاقے الدراز میں ہونے والے مظاہرے کے شرکا آیت اللہ عیسی قاسم کی شہریت کی منسوخی کا فیصلہ واپس لینے اورعلاقے کا محاصرہ ختم کیے جانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ سیکڑوں بحرینی شہری الدراز کے علاقے میں آیت اللہ عیسی قاسم کے گھرکے باہردھرنا دیتے بیٹھے ہیں اور شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے پچھلے تین ماہ سے اس علاقے کا محاصرہ کر رکھا ہے۔ بحرین میں فروری دوہزار گیارہ سے عوامی تحریک جاری ہے جس کا مقصد ملک پر مسلط خاندانی آمریت ختم کرکے مکمل جمہوری حکومت کا قیام عمل میں لانا ہے۔ بحرین کی شاہی حکومت عوام کے مطالبات پر توجہ دینے کے بجائے سعودی عرب اور دیگر ملکوں کے کرائے کے فوجیوں کے ساتھ ملک کی عوامی تحریک کو کچلنے کی کوشش کر رہی ہے جس کے دوران ڈیڑھ سو کے قریب لوگ شہید اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں۔