Aug ۲۵, ۲۰۱۶ ۱۶:۵۶ Asia/Tehran
  • فلسطینیوں اور مسجد الاقصی پر صیہونیوں کا حملہ

صیہونیوں نے ایک بار پھر مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد الاقصی پر حملہ کر دیا-

غزہ الآن نیوز ایجنسی  کے مطابق انتہا پسند صیہونیوں کے ایک گروپ نے جمعرات کو صیہونی فوجیوں کی مدد سے باب المغاربہ کی جانب سے مسجد الاقصی پر حملہ کیا اور اس مقدس مقام کی بے حرمتی کی- مسجد الاقصی میں صیہونیوں  کے داخل ہونے کے بعد وہاں موجود فلسطینیوں نے صیہونیت مخالف نعرے لگائے اور صیہونیوں سے ان کی جھڑپ ہوئی- صیہونی فوجیوں نے فلسطینی خواتین کو بھی مسجدالاقصی میں جانے سے روک دیا جس کے بعد فلسطینی خواتین مسجد الاقصی کے دروازوں کے باہر ہی بیٹھ گئیں اور وہیں انہوں نے تلاوت قرآن کریم کرنی شروع کر دی- اس درمیان فلسطین کے مفتی شیخ محمد حسین نے سبھی فلسطینیوں خاص طور پر مقبوضہ بیت المقدس کے فلسطینیوں سے کہا ہے کہ وہ مسجدالاقصی کے اطراف میں احتجاجی اجتماع کریں- انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام اسلامی اور مسیحی مقدس مقامات اور بیت المقدس کے اسلامی تشخص اور شناخت سے کسی بھی قیمت پر چشم پوشی نہیں کریں گے- صیہونی حکومت نے گذشتہ کئی مہینے سے مسجد الاقصی پر اپنے حملے تیز کردیئے ہیں اور اس نے مسجد الاقصی میں فلسطینیوں کے داخلے پر بھی طرح طرح کی بندشیں لگا دی ہیں- صیہونی حکومت بیت المقدس کے اسلامی فلسطینی تشخص کو بھی تیزی کے ساتھ ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے- صیہونی حکومت کے اسی قسم کے اقدام پر احتجاج کرتے ہوئے فلسطینیوں نے تحریک انتفاضہ قدس شروع کر دی ہے-