ترکی کی جانب سے شام میں دہشت گردوں کی حمایت
ترکی کی حکومت نے شام میں دہشت گردوں کی حمایت شروع کر دی ہے۔
شام کے ٹی وی چینل الاخباریہ نے شام میں ترکی کی فوجی مداخلت کے بارے میں اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان شام کے داخلی امور میں کھلے بندوں اپنی مداخلت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق ترکی نے دہشت گرد گروہ داعش کے مقابلے کے بہانے شام کے اقتدار اعلی کی خلاف ورزی کی ہے۔ شام کے الاخباریہ ٹی وی چینل نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ترکی کے اسلحےسے لیس سیکڑوں دہشت گرد اس ملک کے ٹینکوں کی گولہ باری کی آڑ میں شام کی سرزمین میں داخل ہوئے ہیں اور ان کو امریکی اتحاد کے لڑاکا طیاروں کی حمایت بھی حاصل تھی۔
اس رپورٹ میں آیا ہےکہ ترکی کے حکام نے دہشت گرد گروہ فری سیرین آرمی اور اپنے دوسرے پٹھو دہشت گرد گروہوں کے عناصر کو شام روانہ کیا ہے تاکہ وہ ان ترک حکام کے مدنظر منصوبوں کو عملی جامہ پہنا سکیں۔