Aug ۲۶, ۲۰۱۶ ۱۵:۱۱ Asia/Tehran
  • بحرین میں دھرنا اور مظاہرے

بحرین میں معروف عالم دین آیۃ اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں احتجاجی دھرنے اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

العالم کی رپورٹ کے مطابق الدراز میں آیۃ اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے سامنے ان کی حمایت اور آل خلیفہ حکومت کی مخالفت میں عوام کا دھرنا، سڑسٹھویں روز بھی جاری رہا۔ مظاہرین نے اعلان کیا ہے کہ یہ دھرنا اور مظاہرہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک آیۃ اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کرنے کا فیصلہ واپس نہیں لے لیا جاتا۔ رپورٹ کے مطابق آیۃ اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے سامنے دھرنے پر بیٹھے لوگوں نے شیعہ علماء کے خلاف آل خلیفہ حکومت کے ظالمانہ اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ دھرنے پر بیٹھے مظاہرین کا کہنا ہے کہ آل خلیفہ حکومت، شیعہ علمائے کرام پر غیر قانونی دباؤ ڈال کر ان کے حقوق کو پامال کر رہی ہے۔ دوسری طرف آل خلیفہ حکومت کی نمائشی عدالت نے بحرینی علماء کی انجمن کے صدر مجید مشعل اور شیخ فاضل الزاکی پر قائم کئے جانے والے جھوٹے مقدمے کی سماعت، رواں ماہ کے آخرتک کے لئے ملتوی کردی۔ اسی کے ساتھ شیخ محمود العالی اور شیخ جاسم بدر المطوع کے مقدمے کی سماعت بھی رواں ماہ کے آخرتک ملتوی کردی گئی۔ بحرین سے موصولہ ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آل خلیفہ حکومت کے فوجیوں نے بنی جمرہ نامی علاقے میں معروف عالم دین سید طالب محمد کے گھر پر حملہ کیا۔ اس حملے سے متعلق مزید تفصیلات معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔