Sep ۰۹, ۲۰۱۶ ۱۸:۲۳ Asia/Tehran
  • آل سعود پر عرب لیگ کے سابق سیکریٹری جنرل عمرو موسی کی شدید تنقید

عرب لیگ کے سابق سیکرٹیری جنرل نے سی بی سی سے انٹرویو میں یمن پر سعودی عرب کی جارحیت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام آل سعود کی حماقت ہے۔

عمرو موسی نے کہاکہ یمن پر سعودی عرب کا حملہ عجیب اور غلط اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرب قوم کی تقدیر، ناز و نعمت میں پلنے والے بچوں کے ہاتھوں میں آگئی ہے جنہوں نے غرور اور لا پرواہی اور نوجوانی کے دنوں میں حکومت کی باگ ڈور سنبھالی ہے۔ عرب لیگ کے سابق سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ان نوجوانوں نے عرب قوموں کا قتل عام کرکے بہت بڑی غلطی کی ہے اور دنیائے عرب کے مختلف علاقوں میں مذہبی اختلافات پھیلائے ہیں۔

عمرو موسی نے کہا کہ یہ نوجوان ایک گروہ کو دوسرے کے خلاف مسلح کرکے حکومتوں کو کمزور بنارہے ہیں اور ان کی مسلح افواج کو ختم کرنے کے درپئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے عرب ملکوں کو ٹکڑے کرنے، کبھی نہ ختم ہونے والی داخلی جنگوں اور عرب ملکوں کی معیشتوں کو نابود کرنے نیز یمن، شام، لیبیا اور عراق کی قوموں کو آوارہ وطن کرنے کے ایجنڈے پرعمل کرنا شروع کردیا ہے۔

عرب لیگ کے سابق سیکریٹری جنرل نے کہاکہ اسرائیل ہزار برسوں میں بھی یہ اقدامات انجام نہیں دے سکتاتھا۔ عمرو موسی نے عرب سربراہوں اور حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ عرب ملکوں میں سعودی عرب کی کھلی مداخلت اور یمن پر اسکی جارحیت اور یمنی عوام کے قتل عام کی مذمت کریں۔ واضح رہے عمرو موسی نے ایسے عالم میں سعودی عرب کو تنقید کا نشانہ بنایاہے کہ سعودی اتحاد وحشیانہ طریقے سے یمن کے مختلف علاقوں پرحملے کررہا ہے۔ یمن پر آل سعود اور اسکے پٹھو اتحاد کے حملوں میں اب تک دس ہزارسے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں۔