Sep ۱۱, ۲۰۱۶ ۱۵:۱۳ Asia/Tehran
  • یمن پر سعودی عرب کی تازہ ترین وحشیانہ جارحیت دسیوں جاں بحق اور زخمی

سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے نہتے یمنی شہریوں پر بمباری کرکے کم سے کم ایک سو عام شہریوں کو شہید اور زخمی کردیا ہے-

یمن میں مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ سعودی لڑاکا طیاروں نے دارالحکومت صنعا کے شمال میں واقع ارحب علاقے میں پہلے کنواں کھودنے میں مشغول مزدوروں پرحملہ کیا جس میں چار بے گناہ محنت کش شہید ہوگئے اور پھر جب حملوں میں مارے گئے لوگوں کے جنازے اٹھانے کے لئے مقامی لوگ وہاں پہنچے تو سعودی لڑاکا طیاروں نے عام شہریوں کے مجمع پر دوبارہ بمباری کردی جس میں کم سے کم ایک سو یمنی شہری شہید اور زخمی ہوگئے-

سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے اتوار کو یمن کے دیگر شہروں میں بھی اپنی وحشیانہ کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے اندھا دھند بمباری کی ہے- ان ہوائی حملوں میں بھی متعدد یمنی شہری شہید ہوئے ہیں -  اس درمیان اقوام متحدہ نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ برس چھبیس مارچ سے اب تک یمن پر سعودی عرب کے حملوں میں دس ہزار سے زائد یمنی شہری مارے جاچکے ہیں-

پچھلے اٹھارہ میہنوں کے دوران سعودی عرب نے یمن پراپنی وحشیانہ جارحیتوں کے دوران رہائشی علاقوں، اسکولوں، مساجد اوراسپتالوں کے ساتھ ساتھ بنیادی شہری تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا ہے اور یمن جیسے غریب عرب ملک کو ویرانے میں تبدیل کردیا ہے -