سعودی حکومت کو حج سے محروم کرنے کا حق نہیں: عبدالمالک الحوثی
یمن کی تحریک انصاراللہ کے ترجمان نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ سعودی حکومت ، بعض اسلامی ممالک کے حاجیوں کو فریضہ حج کی ادائگی سے روکنے کا حق نہیں رکھتی
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سربراہ نے عید الاضحی کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ سعودی حکومت نے فریضہ حج کو نقصان پہنچانے کے لئے ایک خطرناک اقدام کرتے ہوئے کچھ مسلمانوں کو حج کی ادائگی سے روک دیا ہے اور وہ ، وہی کررہی ہے جو صیہونی مسجد الاقصی کے سلسلے میں کر رہے ہیں- انصاراللہ کے رہنما نے کہا کہ سعودی حکومت ، بیت اللہ پرحکومت کرنے اوراس پر اپنا کنٹرول رکھنے کا حق نہیں رکھتی اور اسے کسی بھی اسلامی ملک کے عوام کو فریضہ حج سے روکنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی اور اس اقدام کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جاسکتا- عبدالمالک الحوثی نے آل سعود کو علاقے میں امریکی و اسرائیلی پالیسیوں کا پیرو قرار دیا اور کہا کہ سعودی اپنی ماہیت و وابستگی کی بنا پر اپنے تمام وسائل مسلم امہ کے درمیان فتنہ برپاکرنے کے لئے استعمال کررہے ہیں- تحریک انصارللہ کے سربراہ نے یمنی عوام کے خلاف سعودی حکومت کے شرمناک اقدامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اس ملک کے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ دشمنوں کے اقدامات اور جرائم کا مقابلہ کرنے اور مزاحمت و استقامت جاری رکھنے کے لئے اللہ تعالی پرتوکل کریں-