حنوبی لبنان میں داعش کا ایک مقامی سرغنہ گرفتار
جنوبی لبنان کے شہر صیدا میں داعش کے مقامی سرغنے کو گرفتار کرلیا گیاہے -
بیروت سے ارنا نے خبردی ہے کہ جنوبی لبنان میں عین الحلوہ کیمپ میں داعش کے مقامی سرغنے عماد یاسین کو لبنان کی سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے گرفتار کرلیا ہے-
عین الحلوہ جنوبی شہر صیدا میں فلسطینی پناہ گزینوں کا کیمپ ہے - عین الحلوہ کیمپ میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے ہی الفتح فورس اور دہشت گرد گروہوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہورہی تھیں اور کمیپ میں مقیم فلسطینی پناہ گزیں اپنے گھر بار چھوڑ کر وہاں سے فرار ہونے پر مجبور ہوگئے تھے -
لبنان کے ایک سیکورٹی ذریعے نے بتایا کہ عماد یاسین ایک خطرناک دہشت گرد تھا جو لبنان کی عدلیہ اور حکومت کو مطلوب تھا - عماد یاسین مختلف ناموں منجملہ ابوہشام، ابوبکر ، ابوطارق ، ابواسحاق اور عماد عقل جیسے ناموں سے سرگرمیاں انجام دے رہا تھا -
داعش کا یہ سرغنہ عین الحلوہ کیمپ میں عصبہ الانصار نامی دہشت گرد گروہ کا سرغنہ تھا اور دوہزار چار میں اس گروہ سے جدا ہو کر اس نے جندالشام نامی تکفیری دہشت گرد گروہ تشکیل دیا تھا -
لبنان کے مشرقی اور شمال مشرقی علاقوں میں جو شام کی سرحد کے قریب واقع ہیں گذشتہ دوبرسوں کے دوران لبنانی فوج اور داعش و جبہۃ النصرہ جیسے دہشت گرد گروہوں کے ساتھ شدید جھڑپیں ہوتی رہی ہیں -
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ لبنانی حکومت کی ہوشیاری اور لبنانی فوج کے لئے حزب اللہ کی بھرپور حمایت کی وجہ سے علاقے کے بعض عرب ملکوں اور مغرب کے حمایت یافتہ دہشت گرد عناصر اپنی دہشت گردانہ کاروائیوں کا دائرہ، لبنان کے اندر پھیلانے میں ناکام رہے ہیں -