یمنی فوج کے حملے میں سعودی عرب کے دسیوں اتحادی فوجی ہلاک
یمن کی فوج اور عوامی رضاکارفورس کے راکٹوں سے کئے گئے حملوں میں سعودی عرب کے دسیوں اتحادی فوجی مارے گئے ہیں-
المسیرہ ٹیلی ویژن چینل نے خبردی ہے کہ یمن کی عوامی رضاکارفورس اور فوجی جوانوں نے جنوبی صوبے تعز کے علاقے ذباب میں واقع سعودی اتحادی فوجیوں کے ٹھکانوں پر حملہ کرکے دسیوں جارح فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے -
یمن کی عوامی رضاکارفورس کے جوانوں نے بدھ کو بھی تعز شہر کے الجحملیہ علاقے میں سعودی عرب کے اتحادی فوجیوں کےٹھکانوں پر حملہ کرکے انہیں بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا تھا - اس درمیان سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے جمعے کو ایک بار پھر مغربی صوبے الحدیدہ کے باجل شہر پر حملہ کیا ہے -
سعودی جنگی طیاروں نے صوبہ صعدہ کے سحار شہر اور صنعا کے جنوبی علاقے جبل عطان پر بھی بمباری کی ہے - سعودی عرب کے وحشیانہ حملوں میں جو چھبیس مارچ دوہزار پندرہ سے جاری ہیں ، ہزاروں یمنی شہری شہید ہوئے ہیں جبکہ اس ملک کی بنیادی تنصیبات بری طرح تباہ ہوچکی ہیں -
سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے وحشیانہ حملوں کی وجہ سے دسیوں لاکھ یمنی شہری اپنے گھروں سے بے گھر ہوئے ہیں - اقوام متحدہ نے بھی تصدیق کی ہے کہ سعودی عر ب کے حملوں میں دس ہزار سے زائد یمن ی شہری مارے گئے ہیں-