Sep ۲۵, ۲۰۱۶ ۱۶:۰۰ Asia/Tehran
  • حزب اسلامی کے ساتھ صلح کا معاہدہ ایک بڑا قدم ہے : اشرف غنی

افغانستان کے صدر نے کہا ہے کہ گلبدین حکمتیار کی حزب اسلامی کے ساتھ صلح کا معاہدہ ایک بڑا قدم ہے-

افغانستان کے صدر اشرف غنی نے افغانستان کی اعلی مصالحتی کونسل کے سربراہ پیر سید احمد گیلانی اور ان کے ہمراہ وفد سے ملاقات میں کہا کہ ملک میں امن و امان کی برقراری کے لئے گلبدین حکمتیار کی حزب اسلامی کے ساتھ کامیاب مذاکراتی عمل  ایک اچھا آغاز تھا اور ہم آئندہ بھی مذاکراتی عمل کو جاری رکھیں گے -

افغانستان کے صدر نے کہا کہ افغان حکومت نے اپنے عوام اور دنیا والوں پر ثابت کردیاہے کہ وہ افغانستان میں قیام امن کے لئے سبھی مخالف گروہوں کے ساتھ بات چیت کے لئے تیار ہے -

افغانستان کی اعلی مصالحتی کونسل کے سربراہ نے بھی اس ملاقات میں پائیدار قیام امن کو ملک کی سب سے اہم ترجیح قراردیا اور کہا کہ حزب اسلامی  کے ساتھ بات چیت کے لئے ملک میں قومی اتفاق رائے پایا جاتا تھا -

پیر سید احمد گیلانی نے کہاکہ اعلی مصالحتی کونسل، مخالف گروہوں کے ساتھ آشتی کی خواہاں ہے اور اس نے مخالف گروہوں سے کہا ہے کہ وہ مفاہمت آمیز اور معمول کی زندگی کی جانب لوٹ آئیں- ان کا کہنا تھا کہ اعلی مصالحتی کونسل جلد ہی ایک قومی امن کانفرنس کا انعقاد کرنے والی ہے -