بحرین کے پرامن مظاہرین پر سیکورٹی اہلکاروں کا حملہ
بحرین میں آل خلیفہ حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے پرامن مظاہرین پرحملہ کیا ہے-
بحرینی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے ملک کے مختلف شہروں منجملہ دارالحکومت منامہ کے مضافاتی علاقوں اور جزیرہ سترہ میں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے طاقت کا استعمال کیا اور اشک آور گیس کے گولے داغے -
مظاہرے کے شرکا بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم سے اپنی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے آل خلیفہ کی ظالمانہ پالیسیوں کی مذمت کررہے تھے - مظاہرین سعودی حکومت کے خلاف بھی نعرے لگارہے تھے -
خبروں میں بتایا گیا ہے کہ منامہ کے علاقے الدراز میں سب سے زبردست مظاہرہ کیا گیا جہاں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کا گھر واقع ہے - ادھر جزیرہ سترہ کے وادیان علاقے میں بحرینی سیکورٹی اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان تصادم بھی ہوا ہے -
سیکورٹی اہلکاروں نے وادیان میں پرامن مظاہرین کو منتشر کرنےکے لئے طاقت کا استعمال کیا اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین سانس کی گھٹن کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے -
بحرینی سیکورٹی اہلکاروں نے دمستان کے علاقے میں بھی عام لوگوں کے گھروں پر حملہ کرکے ایک انقلابی نوجوان علی محمد حبیب آل ضیف کو گرفتار کرلیا اور اس کے گھر کے سبھی الکٹرانیک ساز وسامان کو ضبط کرلیا - آل خلیفہ حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے جفیر کے علاقے میں بھی ایک انقلابی نوجوان کو گرفتار کرلیا -