Sep ۳۰, ۲۰۱۶ ۱۷:۰۲ Asia/Tehran
  • شاہی حکومت کے خلاف بحرین کے مختلف شہروں میں مظاہرے

بحرین کے عوام نے ایک بار پھر ملک کی اکثریتی شیعہ آبادی کے مقبول رہنما آیۃ اللہ عیسی قاسم کی حمایت اور شاہی حکومت کے خلاف مظاہرے کئے۔

بحرینی ذرائع کے مطابق ہزاروں بحرینی شہریوں نے دارالحکومت منامہ کے مغربی علاقے الدراز سمیت ملک کے مختلف شہروں میں جلوس نکالے اور شاہی حکومت کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ مظاہرین، ملک کے اصل باشندوں کے خلاف سعودی عرب کی حمایت یافتہ شاہی حکومت کے ظالمانہ اقدامات کی مذمت میں نعرے لگا رہے تھے۔ مظاہرین نے ایک بار پھر ملک کے سرکردہ عالم دین آیۃ اللہ عیسی قاسم کی شہریت کی منسوخی کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ دوہراتے ہوئے حکومت کو اس فیصلے کے منفی نتائج کی بابت سخت خبردار کیا۔ بحرین کی شاہی حکومت نے جون دو ہزار سولہ کو ملک کی اکثریتی شیعہ آبادی کے ہردلعزیز رہنما آیۃ اللہ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کر دی تھی جس کے خلاف اندرون و بیرون ملک سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے عوامی تحریک جاری ہے اور اس ملک کے عوام سیاسی اصلاحات، آزادی و انصاف کے قیام اور سماجی ناانصافیوں کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ لیکن بحرین کی شاہی حکومت، عوامی مطالبات پورے کرنے کے بجائے سعودی فوجیوں کے ساتھ مل کر ملک میں جاری پرامن جمہوری تحریک کو کچلنے کی کوشش کر رہی ہے۔