یمن کے ساحل پر متحدہ عرب امارات کے بحری جنگی جہاز کی تباہی
یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے بحیرہ احمر کے ساحلوں پر متحدہ عرب امارات کے ایک بحری جنگی جہاز پر راکٹوں سے حملہ کر کے اس کو تباہ کر دیا۔
یمن کے المسیرہ ٹیلی ویژن چینل نے فوجی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ یمن کی عوامی رضاکار فورس کے جوانوں اور یمنی فوجیوں نے بحیرہ احمر میں متحدہ عرب امارات کے سوئیفٹ ایچ ایس وی ٹو بحری جنگی جہاز پر راکٹوں کی بوچھار کر دی جس کے نتیجے میں سوئیفٹ بحری جنگی جہاز تباہ ہو گیا- یہ حملہ یمن کے صوبہ تعز کے مخا ساحلی علاقے میں کیا گیا- سوئیفٹ بحری جنگی جہاز ایک تیز رفتار جہاز ہے اور مختلف جنگی سرگرمیاں منجملہ فوجیوں اور فوجی ساز و سامان کی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی کو بھی انجا دیتا ہے- امریکہ کے بنے ہوئے اس بحری جنگی سے بارودی سرنگوں کا پتہ لگانے اور جنگی کارروائیوں کو آپریٹ کرنے کا بھی کام لیا جاتا ہے- ایک سال قبل بھی یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے آبنائے باب المندب میں متحدہ عرب امارات کے ایک بحری جنگی جہاز پر حملہ کر کے اس کو تباہ کر دیا تھا- اس حملے کے نتیجے میں متحدہ عرب امارات کا بحری جنگی جہاز ڈوب گیا تھا اور آس پاس کھڑے سعودی کے بحری جنگی جہاز وہاں سے فرار کر گئے تھے- یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یمن کی جنگ میں متحدہ عرب امارات کو اب تک بھاری جانی اور مالی نقصان ہو چکا ہے- خبروں میں بتایا گیا ہے کہ یمن کی جنگ میں متحدہ عرب امارات کے اسّی فوجی اب تک مارے جا چکے ہیں- متحدہ عرب امارات، یمن پر سعودی عرب کی مسلط کردہ جنگ میں سعودی اتحادی ہے اور وہ سعودی عرب کا ساتھ دینے کے ساتھ ساتھ یمن میں مسلح ایجنٹوں کا بھی ساتھ دے رہا ہے- متحدہ عرب امارات نے یمن پر مسلط کردہ جنگ کو پندرہ مہینے گذرجانے اور خاصا جانی اور مالی نقصان اٹھانے کے بعد گذشتہ جون میں اعلان کیا تھا وہ اب جنگ یمن میں شامل نہیں ہے- متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور انور قرقاش نے یمن کی جنگ سے اپنے ملک کے علیحدہ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ متحدہ عرب امارات اب اس کے بعد سیاسی لحاظ سے سعودی عرب کا ساتھ دے گا اور مسلح افراد کی تقویت کرے گا- لیکن دو ہی روز بعد انہوں نے اپنا یہ بیان واپس لے لیا اور اعلان کر دیا کہ متحدہ عرب امارات یمن کی جنگ میں پہلے ہی کی طرح سعودی عرب کے ساتھ ہے- سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے چھبیس مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کے نہتے عوام پر جنگ مسلط کر رکھی ہے اس دوران سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے وحشیانہ حملوں میں ہزاروں افراد شہید اور دسیوں ہزار دیگر زخمی ہو چکے ہیں جبکہ لاکھوں کی تعداد میں یمنی باشندے بے گھر ہوئے ہیں- سعودی عرب کے وحشیانہ ہوائی حملوں میں اس ملک کی بنیادی شہری تنصیبات حتی بڑی تعداد میں اسکول، کالج، اسپتال اور مساجد بھی تباہ ہو چکی ہیں-