Oct ۰۴, ۲۰۱۶ ۱۳:۴۳ Asia/Tehran
  • یمن میں تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل پر سعودی عرب کی مخالفت

سعودی عرب نے یمن سے متعلق ایک بین الاقوامی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیئےجانے کے لئے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی اپیل مسترد کردی ہے-

جرمن نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی کابینہ نے پیر کے روز اپنے ہفتہ وار اجلاس کے اختتام پر، یمن کے خلاف سعودی جارحیت کے بارے میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے پر مبنی اقوام متحدہ کے ہائی کمشنربرائے انسانی حقوق کی درخواست کی مخالفت کردی ہے-

زید رعد الحسین نے یمن میں سعودی عرب کے جنگی جرائم کی آزادانہ  تحقیقات کے لئے بین الاقوامی کمیٹی کی تشکیل کا مطالبہ کیا تھا-

ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ نے بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یمن پر سعودی حملے بند کئے جانے تک اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں سعودی عرب کی رکنیت معطل کردے- ایمنسٹی انٹرنیشنل نے امریکہ اور برطانیہ سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ ریاض کو ہتھیاروں کی فروخت روک دے-

اقوام متحدہ نے اس سے قبل سعودی عرب کا نام جنگی جرائم  کے سبب بلیک لسٹ میں شامل کردیا تھا لیکن بعد میں سعودی حکومت کے دباؤ میں آکر اپنا فیصلہ واپس لے لیا -