یمن میں قومی حکومت قائم، عبدالعزیز جبتور وزیراعظم مقرر
یمن کی اعلی سیاسی کونسل نے ملک میں قومی حکومت کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ اور اسکی اتحادی جماعتوں پر مشتمل اعلی سیاسی کونسل کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق عدن کے سابق گورنر اور جنرل پیپلز کانگریس، جی پی سی کے پولیٹیکل بیورو کے سربراہ عبدالعزیز جبتور کو قومی حکومت کا وزیراعظم مقرر کیا گیا ہے۔
نئی کابینہ میں ابوبکر الکربی کو قومی کابنیہ میں وزیر خارجہ مقرر کیا گیا ہے جو سابق صدر علی عبداللہ صالح کی قیادت والی جی پی سی کی حکومت میں بھی وزیر خارجہ رہے ہیں۔ جنرل حسین خیران کو ملک کا نیا وزیر دفاع مقرر کیا گیا ہے، جنرل حسین خیران انقلابی کونسل میں بھی اسی عہدے پر فائز تھے۔
اعلی سیاسی کونسل کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق قومی کابینہ ستائیس وزرا پر مشتمل ہو گی جس میں پانچ خواتین بھی شامل ہیں تاہم ان کے محکموں کا اعلان نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ یمن کی عوامی تحریک انصارللہ اور سابق صدر علی عبداللہ صالح کی جنرل پیپلز کانگریس نے ملک کا نظم و نسق چلانے اور سعودی عرب کے وحشیانہ حملوں کا مقابلہ کرنے کے لئے اٹھائیس جولائی کو اعلی سیاسی کونسل تشکیل دی تھی۔ اعلی سیاسی کونسل کے قیام کے بعد ملک کی پارلیمنٹ کو بحال کر دیا گیا تھا۔