Oct ۰۹, ۲۰۱۶ ۱۵:۵۰ Asia/Tehran
  • سعودی عرب کے خلاف سب لوگ عوامی رضاکار فورس میں شامل ہو جائیں: یمن علما کونسل

صنعا میں عام لوگوں پر سعودی افواج کے سفاکانہ حملوں کے بعد، یمن علما کونسل نے سعودی حکومت کے خلاف سب لوگوں سے عوامی رضاکار فورس میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔

یمن علما کونسل نے ایک بیان میں سعودی لڑاکا طیاروں کی جانب سے سوگواری کی ایک مجلس پر بمباری کی سخت مذمت کی ہے جس میں سات سو سے زائد افراد شہید اور زخمی ہو گئے تھے۔ اس کونسل کے ارکان نے اس واقعہ پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس میں سعودی حکام کو دندان شکن جواب دینے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔

اس بیان میں فوج اور عوامی رضاکار فورس کی جانب سے فوری طور پر سعودی حکام کو منہ توڑ جواب دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے۔ یمن علما کونسل نے اپنے بیان میں تاکید کی ہے کہ تمام یمنی عوام، حتی ان لوگوں پر بھی جو کھڑے ہونے کی طاقت نہیں رکھتے لیکن ہتھار اٹھا سکتے ہیں، سعودی جارح افواج کے خلاف جہاد کرنا واجب ہے۔

اس سے قبل یمن کی جماعتوں نے بھی صنعا میں سوگوار عوام پر سعودی عرب کے جنگی طیاروں کے وحشیانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ یمن میں سعودی عرب کے جرائم پر توجہ دے اور اس کے خلاف کارروائی کرے۔