آل سعود کے خلاف سرحدوں پر دفاعی لائن تشکیل دی جائے: علی عبداللہ صالح
یمن کے سابق صدر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ آل سعود کے خلاف سعودی سرحدوں پر دفاعی لائن تشکیل دیں۔
علی عبداللہ صالح نے ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی تقریر میں سعودی فضائیہ کے ذریعے یمنی عوام کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے یمنی عوام سے اپیل کی ہے کہ بے گناہوں کے خون کا بدلہ لینے کے لئے، سعودی عرب کی سرحدوں پر اکھٹا ہوجائیں۔
علی عبداللہ صالح نے یمن کی وزارت دفاع، جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اور وزارت داخلہ سے درخواست کی ہے کہ نجران، جیزان اور عسیر کے سرحدی علاقوں میں نئے رضاکار فوجیوں کی تعیناتی کی راہ ہموار کریں۔
دوسری جانب انصاراللہ تحریک کی سیاسی کونسل کے رکن محمد البخیتی نے لبنانی ٹی وی المیادین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آل سعود کے اس وحشیانہ اقدام کے بعد، اب اس کے اتحادی ممالک کو چاہئے کہ اپنے رویے پر نظرثانی کریں۔ محمد البخیتی نے صنعا میں آل سعود کے سفاکانہ حملوں کی مذمت کو ناکافی قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ پر سخت تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے فیصلے اور قراردادیں اس کے حق میں جاری کی جاتی ہیں جو زیادہ رقم دینے کے لئے تیار ہو۔ محمد البخیتی نے کہا کہ سعودی فوج کے وحشیانہ اقدامات گذشتہ دن کی بمباری تک محدود نہیں ہیں بلکہ سعودی فضائیہ نے گذشتہ سال اسی دن ایک شادی کی تقریب پر حملہ کرکے ڈیڑھ سو عام شہریوں کا قتل عام کیا تھا۔