سعودی عرب یزید اور یمن کربلا جبکہ امریکہ شریک جرم ہے: عبدالملک الحوثی
تحریک انصارا اللہ یمن کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے سعودی حکومت کو یزید وقت اور یمن کو کربلا قرار دیا ہے۔
المسیرہ ٹیلی ویژن سے اپنے نشری خطاب میں عبدالملک الحوثی نے کہا کہ کربلا میں یزید نے جو کچھ کیا آج سعودی عرب یمن میں ویسے ہی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے۔ انہوں نے اتوار کے روز صنعا میں مجلس ترحیم پر سعودی جنگی طیاروں کی بمباری میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب سامراجی ملکوں کے دیئے ہوئے اسلحے سے یمنی عوام کا قتل عام کر رہا ہے۔
عبدالملک الحوثی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کا یہ جرم اتنا ہولناک اور بھیانک تھا کہ اس کے اتحادی امریکہ کو بھی مذمت پر مجبور ہونا پڑا۔ انصاراللہ کے سربراہ نے کہا کہ امریکہ کی حمایت کی وجہ سے سعودیوں کو بےگناہوں کے قتل عام کی عادت ہو گئی ہے۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ سعودیوں نے دن کی روشنی میں اس جرم کا ارتکاب کیا ہے اور امریکہ اس میں برابر کا شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی شیطانی اور مردود حکومت کو کسی بھی ملک کی آزادی اور خود مختاری کی کوئی پروا نہیں ہے اور مغرب سمیت تمام سامراجی طاقتیں زیادہ سے زیادہ اسلحہ بیچنے کے لیے جنگ کے شعلوں کو ہوا دے رہی ہیں۔
عبدالملک الحوثی نے واضح کیا کہ ہمارے پاس سعودی عرب سے جنگ کے سوا کوئی اور راستہ باقی نہیں بچا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دنیا کے تمام آزاد منش انسان اپنے مذہبی، انسانی اور قومی جذبے کی پاسداری کریں اور سعودی جارحیت کے مقابلے میں ڈٹ جائیں۔