Oct ۱۱, ۲۰۱۶ ۱۳:۱۹ Asia/Tehran
  • یمن پر سعودی عرب کے فضائی حملے جاری

سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے ایک بار پھر یمن کے مختلف علاقوں پر بمباری کی ہے۔

یمن کے المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے پیر اور منگل کی درمیانی رات اور منگل کی صبح یمن کے حجہ، اب اور تعز صوبوں پر بمباری کی۔ اس بمباری کے نتیجے میں ایک عام شہری شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ صعدہ میں واقع باقم شہر کے مختلف علاقوں اور صوبہ مارب کے شہر صرواح کو بھی اپنے حملوں کا نشانہ بنایا۔ صوبہ تعز میں واقع سوفتیل نامی علاقے پر سعودی عرب کے پٹھووں کے مارٹر گولے کے حملے میں بھی چار عام شہری شہید اور آٹھ زخمی ہوگئے ہیں۔

اس رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی رضاکار فورس نے سعودی فوج کےحملوں کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے جنوبی سعودی عرب میں واقع صوبہ جیزان میں سعودی عرب کی فوج کے ٹھکانوں کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا۔

یمن کی عوامی رضاکار فورس نے سعودی عرب کے شہر طائف میں واقع العرفاء ایئر بیس پر ایک میزائل داغا اور عسیر میں واقع فوجی علاقے کی جانب سعودی عرب کی فوج کی پیش قدمی کو روکتے ہوئے اس ملک کے ساتھ ملنےوالی یمن کی سرحد پر متعدد سعودی فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کر دیا۔