Oct ۲۳, ۲۰۱۶ ۱۷:۱۱ Asia/Tehran
  • تہران میں طالبان کے دفتر کے قیام کی خبریں بے بنیاد ہیں: عبداللہ عبداللہ

افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ نے ایران میں طالبان کے سیاسی دفتر کے قیام سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے سختی کے ساتھ مسترد کردیا ہے۔

کابل میں ملکی اور غیر ملکوں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے افغانستان کے چیف ایگزیکیٹو عبداللہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ ایران میں طالبان کے سیاسی دفتر کے قیام سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس قسم کی خبریں رائے عامہ کو دھوکہ دینے کے لیے پھیلائی جارہی ہیں۔ انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ ایران میں طالبان کے سیاسی دفتر کے قیام کی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔

واضح رہے کہ مغربی ذرائع ابلاغ سے متاثر بعض افغان ذرائع نے گزشتہ ہفتے دعوی کیا تھا کہ طالبان کے ایک وفد نے ایران کا دورہ کیا ہے۔

سب سے پہلے برطانوی اخبار گارڈین نے تہران میں طالبان کے سیاسی دفتر کے قیام اور طالبان وفد کے دورہ ایران کا دعوی کیا تھا جس کے بعد پاکستانی اخبار ایکسپریس ٹریبون نے بھی بغیر کسی تصدیق کے اس خبر کو من و عن شائع کردیا تھا۔