مقبوضہ فلسطین کے جنوبی علاقوں پر صیہونیوں کے حملے
صیہونی حکومت کی پولیس نے مقبوضہ فلسطین کے جنوبی علاقے نقب پر حملہ کیا ہے۔
فلسطینی نیوز ایجنسی معا کی رپورٹ کے مطابق اس حملے اور فلسطینیوں کے گھروں کو مسمار کرنے کے نوٹس جاری کیے جانے کے بعد اسرائیلی فوجیوں اور اس علاقے کے فلسطینی رہائشیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں کہ جس میں صیہونی فوجیوں نے کئی فلسطینیوں کو زخمی اور متعدد کو گرفتار کر لیا۔
صیہونی فوجیوں نے اسی طرح خبردار کیا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران فلسطینیوں کے گھر مسمار کر دیے جائیں گے اور یہ ایسے وقت میں ہے کہ جب ان گھروں کو پہلے بھی کئی بار مسمار کیا جا چکا ہے اور فلسطینیوں نے ان کو دوبارہ تعمیر کیا ہے۔
صیہونی حکومت ایسے حالات میں نقب علاقے کے فلسطینیوں کو بےگھر کرنے کی پالیسی پرعمل پیرا ہے کہ جب گزشتہ سال اس علاقے میں پانچ صیہونی کالونیوں کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دی گئی ہے۔
اس منصوبے پرعمل درآمد کی صورت میں اس علاقے کے کم از کم ساڑھے سات ہزار فلسطینی بےگھر ہو جائیں گے۔
صیہونی حکومت مقبوضہ بیت المقدس میں صیہونی کالونیوں کی تعمیر میں تیزی لا کر اس علاقے میں آبادی کا تناسب صیہونیوں کے حق میں کرنا چاہتی ہے۔