مسجد الاقصی: دسیوں ہزار فلسطینیوں کی نماز جمعہ میں شرکت
بیت المقدس میں سخت ترین بندشوں کے باوجود دسیوں ہزار فلسطینیوں نے اس ہفتے مسجد الاقصی میں نماز جمعہ ادا کی -
فلسطین انفارمیشن سینٹر کے مطابق غرب اردن ، غزہ اور انیس سو اڑتالیس کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے دسیوں ہزار فلسطینیوں نے صیہونی حکومت کی طرف سے سخت ترین بندشوں اور سیکورٹی کے پہرے لگائے جانے کے باوجود مسجد الاقصی پہنچ کر نماز جمعہ ادا کی -
خبروں میں بتایا گیا ہے کہ فلسطین کے مختلف علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی مسلمان جمعے کی صبح سے ہی مسجد الاقصی پہنچنا شروع ہوگئے تھے - غزہ کے بھی سیکڑوں فلسطینیوں نے بیت حانون گذرگاہ عبور کرکے مسجد الاقصی پہنچ کر نماز جمعہ ادا کی -
اس موقع پر صیہونی حکومت نے مسجد الاقصی کے اطراف کے علاقوں کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا تھا اور اس کے ڈرون طیارے فلسطینیوں کی نقل وحرکت پر نظر رکھنے کے لئے مسجد الاقصی کے قریب فضاؤں میں پرواز کرتے رہے -
صیہونی حکومت کی پولیس نے بھی سیکورٹی کو سخت کرتے ہوئے نمازیوں کی تلاشی لی اور ان کے شناختی کارڈ چیک کئے - صیہونی حکومت مسجد الاقصی کے خلاف اپنے خطرناک عزائم کے پیش نظر اکثر و بیشتر فلسطینیوں کو بڑے پیمانے پر مسجد الاقصی میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے یا تو روک دیتی ہے یا سخت ترین بندشیں عائد کردیتی ہے