مسجد الاقصی پر حملہ کیا جائے، صیہونی پولیس کی اپیل
صیہونی آباد کاروں اور انتہاپسند خاخاموں نے ایک بار پھر مسجد الاقصی پر حملہ کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق، صیہونی آبادکار، فوجیوں کی مدد سے مسجد الاقصی کے مختلف صحنوں میں گھس گئے اور وہاں پر موجود نمازیوں کے ساتھ بے ادبی اور گستاخی کی جس پر فلسطینی نمازیوں نے سخت ردعمل ظاہر کیا اور صیہونیوں کا مقابلہ کرنے پر مجبور ہوگئے۔ واضح رہے کہ گذشتہ دنوں انتہاپسند صیہونی خاخاموں نے، ایک جشن کے بہانے مسجد الاقصی میں داخل ہوکر، قبلہ اول کی توہین کرنے کی کوشش کی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ یونیسکو کے عالمی ادارے کی جانب سے مسجد الاقصی کو مسلمانوں سے مخصوص قرار دئے جانے کے بعد، صیہونی پولیس نے تمام مسلمانوں کے لئے قابل احترام اس مسجد پر آبادکاروں کے حملے کی اپیل کی ہے اور یہ مقصد حاصل کرنے کے لئے انہیں کھلی چھوٹ دے دی ہے۔
یونیسکو کی جانب سے جاری شدہ بیان کے بعد، صیہونی وزیر اعظم نتن یاہو نے بھی مسجد الاقصی کے اطراف ہونے والی غیرقانونی کھدائی میں حصہ لینے کا اعلان کیا اور تمام صیہونیوں کو بھی اس گھناؤنے کام میں شریک ہونے کی دعوت دی ۔