Nov ۰۲, ۲۰۱۶ ۱۵:۵۰ Asia/Tehran
  • ترکی کے حزب اختلاف کے رہنما کی حکومت پر سخت تنقید

ترکی میں حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت پیپلز ریپبلکن پارٹی کے سربراہ کمال قلیچدار اوغلو نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ترکی میں آمرانہ نظام قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

ترکی میں پیپلز ریپبلکن پارٹی کے سربراہ قلیچدار اوغلو نے حکمراں جماعت کی جانب سے ملک کے پارلیمانی نظام کو صدارتی نظام میں تبدیل کرنے کی کوششوں کے بارے میں کہا کہ حکمراں جماعت کے رہنما حکومت کے آئین کو تبدیل  اور ایک آمرانہ نظام قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں-

ترکی کے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پارلیمانی نظام کو صدارتی نظام میں تبدیل کرنے کی کوشش درحقیقت ترکی کی تقسیم کی کوشش ہے - انہوں نے کہا کہ پی کے کے کے اسیر لیڈر عبداللہ اوجلان  بھی ملک میں  صدارتی نظام قائم کرنے کی بات کرتے ہیں -

واضح رہے کہ ترکی کی موجودہ حکومت ایک عرصے سے ملک کے پارلیمانی نظام کو صدارتی نظام میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے- ترکی کی موجودہ حکمراں جماعت کا کہنا ہے کہ پارلیمانی نظام میں کچھ ایسے نقائص پائے جاتے ہیں کہ جن کی وجہ سے ترکی ترقی و پیشرفت کی راہ پر صحیح معنوں میں گامزن نہیں ہو پا رہا ہے-

دوسری جانب ترکی میں حزب اختلاف کی جماعتوں کا کہنا ہے کہ پارلیمانی نظام کو صدارتی نظام میں تبدیل کرنے سے ترکی آمرانہ نظام حکومت کی طرف چلا جائے گا۔