Nov ۰۲, ۲۰۱۶ ۱۹:۳۸ Asia/Tehran
  • شاہی حکومت کے خلاف بحرینی عوام کے دھرنے کو 136 دن مکمل

شیعیان بحرین کے قائد آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے باہر بحرینی عوام کا دھرنا بدستوری جاری ہے۔

 ہمارے نمائندے کے مطابق، سعودی عرب کی حمایت یافتہ بحرین کی شاہی حکومت کے تمام تر دباؤ کے باوجود، مغربی منامہ کے علاقے الدراز میں واقع آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے باہر جاری  دھرنے کو ایک سو چھتیس دن مکمل ہو گئے ہیں۔ بحرین کے عوام اس دھرنے کے ذریعے، اپنے جائز مطالبات  منظور  کرنے اور شاہی حکومت کے ظالمانہ اقدامات کا سلسلہ فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

دھرنے کے شرکا نے اپنے ہاتھوں میں آیت اللہ عیسی قاسم کی تصاویر اٹھا رکھی ہیں اور وہ آخری دم تک ان کی حمایت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کر رہے ہیں۔ دھرنے کے شرکا سیاسی قیدیوں کے ساتھ یکجہتی کا اعلان اور ملک کی اکثریتی آبادی کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

دوسری جانب حکومت بحرین مسلسل ایسے علما کو گرفتار کر رہی ہے جو آیت اللہ عیسی قاسم سے یکجہتی کا اعلان اور ان کی شہریت منسوخ کیے جانے کے فیصلے کی مذمت کر رہے ہیں۔ بحرین کی حکومت نے متعدد علمائے کرام کو پولیس اسٹیشنوں میں طلب کیا ہے اور  ان میں سے کئی ایک کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔

بحرین کی شاہی حکومت نے رواں سال جون میں ملک کی اکثریتی آبادی کے ہر دلعزیر رہنما آیت اللہ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ  کر دی تھی۔ بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے عوامی تحریک جاری ہے جس کی قیادت علما کرام اور سیاسی رہنما کر رہے ہیں۔

بحرین کی شاہی حکومت عوام کے جائز مطالبات پورے کرنے کے بجائے سعودی فوجیوں کے ساتھ مل کر جمہوری تحریک کو کچلنے کی کوشش کر رہی ہے جس کے دوران سیکڑوں بحرینی شہری شہید اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔