شہر حلب پر دہشت گردوں کا حملہ
شام کے شہر حلب پر دہشت گردوں کے مارٹر حملوں کا سلسلہ جاری ہے -
شمالی شام کے شہر حلب کے رہائشی علاقوں پر دہشت گردوں کے مارٹر حملوں میں دوخواتین سمیت تین افراد جاں بحق اور پندرہ زخمی ہوگئے ہیں جبکہ مکانوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے-
حلب میں شامی فوج اور رضاکار فورس کے مقابلے میں دہشت گردوں کی شکست کے بعد شام کے مختلف علاقوں خاص طور سے حلب و دمشق میں دہشت گردانہ اقدامات بڑھ گئے ہیں - اس رپورٹ کے مطابق مغربی حلب میں دہشت گردوں کے خلاف منگل کی رات ہونے والی کارروائی میں ضاحیہ الاسد اور دیگر مراکز پوری طرح شامی فوج کے کنٹرول میں آگئے ہیں- ان کارروائیوں میں کچھ دہشت گرد ہلاک اور ان کی چند گاڑیاں جن میں بم نصب تھے تباہ ہوگئی ہیں -
شام کے سرکاری ٹیلی ویژن نے رپورٹ دی ہے کہ شامی فوج ، مغربی حلب کے آزاد شدہ علاقوں تک دہشت گردوں کا تعاقب کررہی ہے- درایں اثنا شام کے لڑاکا طیاروں نے مغربی حلب میں الراشدین کے علاقے کو بھی اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہوگئے-