بحرینی عوام کی انقلابی تحریک جاری
بحرینی عوام نے ایک بار پھر بزرگ عالم دین اور مذہبی قائد آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں ریلیاں نکالی ہیں۔
بحرینی عوام نے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شان میں آل خلیفہ حکومت کی گستاخیوں اور الدراز میں نمازجمعہ پر پابندی کے حکومتی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اپنے مذہبی رہنما سے یکجہتی کا اظہار کیا-
مظاہروں میں شریک بحرینی شہریوں نے آل خلیفہ حکومت کے ظالمانہ اقدامات اور عزادای کے اجتماعات پر پابندی کے خلاف بھی نعرے لگائے- مظاہروں کے شرکا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کرنے کے اپنے فیصلے کو واپس لے اور سبھی سیاسی قیدیوں منجملہ الوفاق پارٹی کے سربراہ شیخ علی سلمان کو فوری طور پر رہا کرے-
بحرینی عوام نے یہ مظاہرے ایک ایسے وقت کئے ہیں جب الدراز کا علاقہ جہاں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کا گھر واقع ہے، بدستور آل خلیفہ حکومت کی سیکورٹی فورس کے محاصرے میں ہے- بحرینی عوام گذشتہ بائیس جون سے الدراز میں شیخ عیسی قاسم کے گھر کے باہر ان سے اظہار یکجہتی کے لئے دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں۔