Nov ۲۵, ۲۰۱۶ ۱۹:۲۰ Asia/Tehran
  • یورپی یونین کو ترکی کا انتباہ

ترکی کے صدر نے یورپی یونین کو دھمکی دی ہے کہ وہ یورپ جانے والے تارکین وطن کے لئے اپنی سرحدیں کھول دیں گے.

ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے یہ دھمکی یورپی پارلیمان کے اس اقدام کے جواب دی ہے جس میں اس نے یورپی یونین سے کہا ہے کہ وہ ترکی کی یورپی یونین میں شمولیت سے متعلق مذاکرات روک دے-

ترکی کے صدر نے یورپی پارلیمان کے اس اقدام کے جواب میں استنبول میں اپنے ایک بیان میں یورپ کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میری بات سن لو اگر حد سے زیادہ آگے بڑھنے کی کوشش کی تو ہم یورپ جانے والے تارکین وطن کے لئے اپنی سرحدیں کھول دیں گے- انہوں نے کہا یورپی یونین نے دوہزار پندرہ میں جب دسیوں ہزار تارکین وطن ترکی اور بلغاریہ کی سرحدوں پر یورپ جانے کے لئے کھڑے تھے, ہم سے مدد کی درخواست کی تھی-

واضح رہے کہ ترکی اور یورپی یونین نے مارچ دو ہزار پندرہ میں ایک معاہدہ کیا تھا جس میں دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ ترکی سے یورپ جانے والے تارکین وطن کو ترکی میں ہی روکا جائے گا اور اس کے عوض یورپ ترکی کی تین ارب ڈالر مدد کرے گا اور ترک شہریوں کو شینگن ویزا نہیں لینا پڑے گا مگر اس کے بعد یورپی یونین اور ترکی دونوں نے ایک دوسرے پر عہدشکنی کا الزام عائد کیا ہے اور یورپی یونین میں ترکی کی شمولیت کے بارے میں مذاکرات بھی معطل ہو گئے ہیں.