بحرین کی حکومت کے خلاف عوام کے مظاہرے
بحرینی شہریوں نے ملک کے مختلف علاقوں میں حکومت مخالف مظاہرے کرکے سیاسی قیدیوں کی رہائی اور بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کئے جانے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لئے جانے کا مطالبہ کیا ہے-
مظاہروں میں شریک بحرینی شہری نعرے لگارہے تھے کہ ہم نے حکومت کی طاقت کو ختم کردیاہے - مظاہرین نے آل خلیفہ حکومت کے ذریعے بنیادی انسانی حقوق کی پامالی پر بھی اپنے شدید غم و غصے کا اظہارکیا -
دوسری جانب دارالحکومت منامہ کے علاقے الدراز میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے باہر ان سے اظہار یکجہتی کے لئے عوام کا دھرنا ایک سو ساٹھ دن سے زائد کا عرصہ گذر جانےکے بعد بھی جاری ہے - بحرین کی شاہی حکومت نے رواں سال جون میں بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کرکے، ملک کی اکثریتی شیعہ آبادی اور سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کے خلاف اپنے تشدد آمیزاقدامات میں شدت پیدا کردی ہے -
" الدراز" نامی جوانوں کی تحریک نے بھی جمعرات کو آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے سامنے سے ایک ریلی نکالی - اس ریلی کا نعرہ تھا کہ خدا کی قسم ہم حکومت کے سامنے نہیں جھکیں گے - مذکورہ تنظیم نے بحرینی عوام سے کہا ہے کہ وہ الدراز کا محاصرہ توڑنے اور نمازجمعہ پر عائد پابندی کو ختم کرانے کے لئے جمعے کو الدراز کی مسجد امام صادق علیہ السلام کی جانب مارچ کریں -
بحرینی عوام نے سنیچر کو بھی آیت اللہ شیخ عیسی قاسم سے یکجہتی کا اظہار کرنے کے لئے ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا ہے اسی دن شیخ عیسی قاسم کے خلاف مقدمے کی سماعت بھی ہونے والی ہے-