آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں بحرینی عوام کا اجتماع
بحرین کے بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں بحرینی شہریوں کا احتجاجی دھرنا گذشتہ ایک سو چھیاسٹھ روز سے جاری ہے اور ہفتے کو بھی عوام نے حکومت مخالف مظاہرہ کیا۔
بحرین کے ٹیلی ویژن چینل اللولو کے مطابق بحرینی شہریوں نے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے خلاف مقدمے کی سماعت دوبارہ شروع کئے جانے پر احتجاج کرتے ہوئے ہفتے کو بھی مظاہرہ کیا اور الدراز میں ان کے گھر کے باہر بھی بڑے پیمانے پر اجتماع کیا- مظاہرے کے شرکاء نے ایک بار پھر آیت اللہ شیخ عیسی قاسم سے اپنی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی شہریت منسوخ کئے جانے کے فیصلے اور ان پر مقدمہ چلائے جانے کی سخت الفاظ میں مذمت کی- واضح رہے کہ منامہ کے مغربی علاقے الدراز میں شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں گذشتہ تیئیس جون سے بحرینی شہریوں کا یہ دھرنا ایک ایسے وقت جاری ہے جب آل خلیفہ حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے اس علاقے کا سخت محاصرہ کر رکھا ہے- آل خلیفہ حکومت نے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کرنے کے بعد اکثریتی شیعہ آبادی کے خلاف اپنے تشدد آمیز اقدامات میں اضافہ کر دیا ہے- دریں اثنا بحرین کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت الوفاق پارٹی نے آل خلیفہ حکومت کے مظالم اور جرائم کے مقابلے میں بحرینی خواتین کی استقامت کی قدردانی کی ہے- الوفاق پارٹی کے نائب سربراہ شیخ حسین الدیہی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بحرین کی مجاہد خواتین تمام میدانوں میں الوفاق پارٹی کے پیغامات کی حامل رہی ہیں اور انہوں نے اس پارٹی کے مشن کو اچھی طرح آگے بڑھایا ہے- الوفاق پارٹی کے نائب سربراہ نے کہا کہ بحرینی خواتین نے آل خلیفہ حکومت کے مظالم کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور اب بھی وہ پوری استقامت کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آل خلیفہ حکومت کی جیلوں میں قید ان خواتین کو سلام پیش کرتے ہیں جو اپنی دیگر بہنوں کو استقامت کا درس دے رہی ہیں- اس درمیان بحرین کے سیاسی کارکنوں نے آل خلیفہ حکومت کی جیلوں میں بند خواتین کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔