Dec ۰۹, ۲۰۱۶ ۱۸:۲۸ Asia/Tehran
  • سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ امریکی ہتھیاروں کے نئے معاہدے

امریکی حکومت نے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کو سات ارب ڈالر کے ہتھیار فروخت کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

رویٹرز کی رپورٹ کے مطابق پنٹاگون نے کہا ہے کہ وہ تین ارب اکاون کروڑ ڈالر کی مالیت کے  شینوک فوجی ہیلی کاپٹر سعودی عرب کو فروخت کر رہا ہے- پنٹاگون نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ بھی ساڑھے تین ارب ڈالر کی مالیت کے ہتھیاروں کی فروخت کا اصولی سمجھوتہ ہو گیا ہے- امریکا متحدہ عرب امارات کو آّپاچی ہیلی کاپٹر فروخت کرے گا-

واضح رہے کہ امریکا ایک ایسے وقت میں سعودی عرب کے ساتھ ہتھیاروں کی فروخت  کے معاہدے کر رہا ہے، جب آل سعود حکومت نے مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کے رہائشی علاقوں پر انتہائی وحشیانہ جارحتیں شروع کر رکھی ہیں- ماہرین کا کہنا ہے  کہ امریکا نے یمن میں سعودی عرب کےذریعے وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ارتکاب  پر اپنی آنکھیں بند کر رکھی ہیں-

یمن کے سیاسی رہنماؤں کا بھی  کہنا ہے کہ سعودی عرب نے یمن پر جنگ، امریکا کے ہی کہنے پر مسلط کی ہے اور یمنی عوام کے خلاف زیادہ تر ہتھیار امریکا کے ہی استعمال ہو رہے ہیں- یمن پر سعودی عرب کی جنگ کے دوران امریکا نے سعودی عرب کو بڑے پیمانے پر ہتھیار فروخت کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی ہر طرح سے فوجی مدد بھی  کی ہے جو اب تک جاری ہے۔