قندہار ہوائی اڈے پر فائرنگ، صدر اشرف غنی کا ردعمل
افغانستان کے صدر اشرف غنی نے ایک بیان جاری کرکے عام شہریوں اور خواتین کے قتل کو افغان عوام کے دشمنوں کی کمزوری اور بزدلی کی علامت قرار دیا ہے۔
ریڈیو تہران کی پشتو سروس کی رپورٹ کے مطابق افغان صدر محمد اشرف غنی نے اس بیان میں کہا ہے کہ کسی بھی مذہب کے تحت عام شہریوں خاص طور پر روٹی کمانے والی خواتین کے قتل کا کوئی جواز نہیں پیش کیا جا سکتا ہے۔
اس بیان میں آیا ہے کہ افغانستان کے دشمنوں نے اپنے اس وحشیانہ اقدام سے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ وہ نہ صرف اسلامی اور افغان اقدار و روایات کے مخالف ہیں بلکہ افغانستان کی ترقی و توسیع کی راہ میں بھی ایک بڑی رکاوٹ ہیں۔
افغانستان کے صدر نے اس بیان میں قندہار ہوائی اڈے کی خواتین اہلکاروں پر فائرنگ کے بارے میں تحقیقات اور ذمہ دار افراد کی گرفتاری کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دن قندہار ہوائی اڈے کی خواتین سیکیورٹی اہلکار اپنی ڈیوٹی پر ایئر پورٹ آرہی تھیں کہ موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم مسلح افراد نے اس وین پر حملہ کیا۔ اس حملے میں پانچ خواتین اوران کے ڈرائیور ہلاک ہو گئے۔ خواتین سیکیورٹی اہلکار قندھار کے ایئرپورٹ میں مسافر خواتین کی تلاشی پر مامور تھیں۔