ایران اور جمہوریہ آذربائیجان باہمی تعاون کے فروغ کے لیے پر عزم
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہا ہے کہ ایران اور جمہوریہ آذربائیجان کے اعلی حکام مختلف میدانوں میں خاص طور پر اقتصادی شعبے میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے پر عزم ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی "محمود واعظی" نے ایران اور جمہوریہ آذربائیجان کے اقتصادی تعاون کے مشترکہ کمیشن کے گیارہویں اجلاس میں شرکت کے لیے باکو کا سفر کیا ہے۔ انہوں نے پیر کو باکو پہنچنے کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے اقتصادی تعاون کے مشترکہ کمیشن کے دائرے میں انجام پانے والی سرگرمیوں کو خاص اہمیت حاصل ہے۔
قابل ذکر ہے ایران اور جمہوریہ آذربائیجان کے اقتصادی تعاون کے مشترکہ کمیشن کا گیارہواں اجلاس منگل کے دن، باکو میں منعقد ہوگا۔
محمود واعظی نے مشترک اقتصادی منصوبوں سے متعلق تہران اور باکو کے درمیان تعاون کے سمجھوتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں بعض منصوبوں پر عملدرآمد ہوچکا ہے اور اس دورے کے دوران، بعض دیگر منصوبوں منجملہ باکو میں مشترکہ طور پر ادویات بنانے والی فیکٹری اور "نفت چالا " شہر میں گاڑی بنانے والی کمپنی کے قیام پر مذاکرات کیے جائیں گے۔
اس دورے کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی محمود واعظی جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علیاف اور دیگر اعلی حکام کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔