Dec ۲۷, ۲۰۱۶ ۱۳:۵۵ Asia/Tehran
  • عراق میں سیاسی اور سماجی مفاہمت پر تاکید

عراق کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے ملک میں حقیقی اور عملی اقدامات پر مبنی سیاسی سطح کی قومی آشتی کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔

عراق کی پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری نے عراق کے گرینڈ نیشنل الائنس کے سربراہ سید عمار حکیم سے ملاقات کے بعد کہا کہ شہری حقوق اور حکومتی اداروں کے کردار کا احترام ضروری ہے- عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ سبھی عراقی شہریوں کو سیاسی آشتی کے زیرسایہ مساوی حقوق سے بہرہ مند ہونا چاہئے، اس امید کا اظہار کیا کہ ملک میں حقیقی معنوں میں قومی آشتی برقرار ہو جائے گی جو عراق کے لئے انتہائی ضروری ہے- اس درمیان عراق کے صدر دھڑے کے سربراہ سید مقتدی صدر نے بھی عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں عراق میں سماجی آشتی کے لئے کوششوں کی ضرورت پر زورد یتے ہوئے کہا کہ عراقی اقوام کے درمیان اتحاد کو دوبارہ مستحکم بنانے کے لئے سماجی آشتی ضروری ہے- عراقی وزیر اعظم نے بھی اس پریس کانفرنس میں ملک میں سیاسی آشتی اور مفاہمت کے فارمولے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عراقی عوام میں اختلاف ڈالنے کے لئے سازشی عناصر اور داعش کے فتنوں اور کوششوں  کے پیش نظر سماجی سطح کی مفاہمت اور آشتی کو ترجیح حاصل ہونی چاہئے- واضح رہے کہ عراق کے گرینڈ نیشنل الائنس کے سربراہ سید عمار حکیم اور عراق کی سنی جماعتوں کے اتحاد کے رہنما سلیم الجبوری کی قیادت میں پیر کو عراق کے شیعہ اور سنی رہنماؤں نے ایک اجلاس میں شرکت کرکے موصل کی آزادی کے لئے داعش کے خلاف جنگ میں عراقی اقوام کے اتحاد اور عراقی افواج کی حمایت پر زور دیا- گذشتہ دو برسوں کے دوران عراق کے شیعہ اور سنی سیاستدانوں اور رہنماؤں کا یہ پہلا مشترکہ اجلاس تھا-

 

ٹیگس