Dec ۲۸, ۲۰۱۶ ۱۱:۰۵ Asia/Tehran
  • یمن پر سعودی عرب کے حملے جاری

یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں کے حملے بدستور جاری ہیں۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق یمن کے ایک سیکیورٹی اہلکار نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے بدھ کی صبح یمن کے دارالحکومت صنعا کے الحمیه شہر میں واقع القرن علاقے پر متعدد بار بمباری کی ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے جنوبی صنعا کو بھی اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

اسی طرح سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے منگل کے دن نہم شہر کے الرباح علاقے پر بھی بمباری کی تھی۔

قابل ذکر ہے کہ سعودی حکومت نے مارچ 2015ء سے اپنے بعض عرب اتحادیوں کے ساتھ مل کر یمنی عوام کے خلاف جنگ مسلط کر رکھی ہے۔ کئی مہینوں سے جاری سعودی جارحیت کے نتیجے میں گیارہ ہزار سے زیادہ یمنی شہری شہید ہو چکے ہیں جبکہ اس غریب عرب اور اسلامی ملک کی بنیادی تنصیبات کو جان بوجھ کر تباہ کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق اقوام متحدہ نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ سعودی حکومت نے جنگ یمن کے دوران بڑے پیمانے پر جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔ سعودی حکومت کے لڑاکا طیارے شہری آبادیوں، بے گھر ہونے والے افراد اور پناہ گزینوں کے کیمپوں، شادی کی تقریبات اور عوامی مقامات کو نشانہ بنا رہے ہیں ۔سعودی حکومت یمنی عوام کے خلاف جنگ میں کلسٹر بم بھی استعمال کر رہی ہے جن کا استعمال عالمی سطح پر ممنوع ہے۔