Dec ۳۰, ۲۰۱۶ ۱۴:۴۰ Asia/Tehran
  • بحرینی عوام کا بحرین اسرائیل تعلقات پر احتجاج، اسرائیلی پرچم نذر آتش

بحرینی عوام نے صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات برقرار کرنے سے متعلق آل خلیفہ حکومت کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیل کے پرچم کو نذر آتش کر دیا۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بحرینی عوام نے جمعرات کی رات دارالحکومت منامہ کے مغرب میں واقع الدراز کےعلاقے میں بحرین کے معروف عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی رہائشگاہ کے سامنے مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیلی وفد کے دورہ بحرین کو آل خلیفہ حکومت کے لئے کلنک کا ٹیکہ اور اس کے اس اقدام کو مسلمانوں، عربوں نیز بحرینی قوم سے خیانت کا حامل قرار دیا۔

مظاہرے کے شرکاء نے اسرائیل کی ظالمانہ ماہیت کی بناء پر صیہونی وفد کے دورہ منامہ کو بحرینی قوم کے عزم و ارادے کے منافی قرار دیا اور تاکید کے ساتھ اعلان کیا کہ بحرین کی قوم، فلسطین کے تقدیر ساز مسئلے کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

واضح رہے کہ بحرین کی آل خلیفہ حکومت کی دعوت پر حانوکا عید کا جشن منانے کے لئے صیہونیوں کا ایک وفد حال ہی میں منامہ پہنچا ہے جس پر بحرینی عوام کا غم و غصہ بھڑک اٹھا ہے۔ یہ ایسے وقت میں ہے کہ جب بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے آل خلیفہ حکومت کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

ٹیگس