صیہونی وفد کے دورہ بحرین پر سول سوسائٹی کا سخت ردعمل
بحرین کی سول سوسائٹی نے صیہونی وفد کے دورہ بحرین کی سخت مذمت کی ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بحرین کی سول سوسائٹی کی بعض تنظیموں نے جمعہ کو ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی مخالفت اور صیہونی حکومت کو تسلیم نہ کیے جانے پر مبنی حکومت بحرین کے موقف کے باوجود صیہونی وفد کا دورہ منامہ باعث حیرت ہے۔
بحرین کی سول سوسائٹی کی تنظیموں نے پارلیمنٹ کی معذرت خواہی اور اس کی جانب سے اسرائیلی وفد کی ماہیت سے متعلق لاعلمی کے اظہار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے بحرین کی حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سب کو بحرین میں صیہونی حکومت کے اثر و رسوخ سے متعلق حقایق سے آگاہ کریں۔
جمعیت الوفاق کے ڈپٹی سکریٹری شیخ حسین الدیہی نے کچھ عرصہ قبل بحرینی عوام کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی مخالفت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ بحرین کے عوام ہمیشہ کے لیے فلسطین اور قدس کی حمایت کرتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ بعض عرب رجعت پسند ممالک منجملہ بحرین کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کا اقدام غاصب صیہونی حکومت کے سیاہ کارنامے پر پردہ ڈالنے کے تحت انجام پا رہا ہے۔ جبکہ بحرینی عوام فروری دو ہزار گیارہ سے ملک میں سیاسی اصلاحات اور آزادی کے حق میں پرامن تحریک چلا رہے ہیں اور سیاسی قیدیوں کی آزادی کے حق میں مظاہرے کر رہے ہیں-