Jan ۱۵, ۲۰۱۷ ۰۹:۳۹ Asia/Tehran
  • عبدالحکیم مجاہد کی جانب سے طالبان کی 'تعریف'، صدر اشرف غنی کا رد عمل

افغانستان کے صدر نے ایک بیان جاری کرکے افغان اعلی امن کونسل کے ایک رکن کی جانب سے طالبان کی تعریف پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ افغانستان کی حکومت آزادی اظہار رائے کے اصول کا احترام اور اس کی پابندی کرتے ہوئے کسی کو اس بات کی اجازت نہیں دیتی ہے کہ عورتوں اور بچوں کے قاتلوں نیز مقدس مقامات کو مسمار کرنے والوں کو امن کا فرشتہ قرار دے۔

قابل ذکر ہے کہ افغان اعلی امن کونسل کے رکن «عبدالحکیم مجاہد» نے جمعرات کو طالبان گروہ کو امن کا فرشتہ قرار دے کر کہا تھا کہ افغانستان پر امریکی یلغار کے دوران طالبان نے اپنی قومی اور دینی فرائض کو نبھایا ہے۔

اسی طرح عبدالحکیم مجاہد نے افغانستان کے سابق صدر اور اعلی امن کونسل کے مرحوم سربراہ «برہان الدین ربانی» کو افغانستان کی ابتر صورتحال کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا اور افغانستان کے قومی ہیرو «احمد شاه مسعود» کو ایک باغی قرار دیا تھا۔

افغان صدر کے بیان میں آیا ہے کہ قومی رہنما اور شخصیتیں سب کے لیے قابل احترام ہیں اور ان کی شان میں کسی قسم کی گستاخی افغان عوام کے لیے ناقابل برداشت ہے۔

ادھر اطلاعات ہیں کہ صوبے بلخ  کے گورنر «عطا محمد نور» نے گزشتہ روز اپنے ٹوئیٹر پیج پر عبد الحکیم مجاہد کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ صدر اشرف غنی نے افغانستان کی اعلی امن کونسل کے نئے اراکین کو 2016 منتخب کیا تھا۔