Jan ۲۱, ۲۰۱۷ ۱۶:۵۵ Asia/Tehran
  •  اقتدار سے ہٹنے یا نہ ہٹنے کا فیصلہ ،عوام کے ووٹوں سے ہوگا، شام کے صدر بشاراسد

شام کے صدر نے کہا ہے کہ ان کے اقتدار سے ہٹنے یا نہ ہٹنے کا فیصلہ ، بیلٹ باکس میں ڈالے جانےوالے عوامی ووٹوں کے ذریعے ہوگا -

 شام کے صدر بشار اسد نے جاپانی ٹی وی چینل ٹی بی ایس کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ان کے استعفے کے بارے میں مخالفین یا کسی اور سے کوئی  بات نہیں ہوگی - شام کے صدر نے مزید کہا کہ صدر کے اقتدار میں باقی رہنے یا نہ رہنے کا مسئلہ ایک قومی مسئلہ ہے اور اس کا تعلق تمام شامیوں سے ہے کیونکہ شام کے صدر کا انتخاب عوام کے براہ راست ووٹوں سے ہوتا ہے اس بنا پر اس سلسلے میں فیصلہ کرنے کا واحد ذریعہ بیلٹ باکس ہے- بشار اسد نے کہا کہ جو بھی چاہتا ہے کہ صدر اپنے عہدے سے الگ ہوجائیں اسے بیلٹ باکس تک آنا چاہئے اور کہنا چاہئے کہ وہ صدر کو پسند نہیں کرتا اور یہی جمہوری طریقہ پوری دنیا میں رائج  ہوتا ہے-

شام کے صدر نے اس کے ساتھ ہی کہا کہ ابھی مذاکرات کی میز پر انتخابات یا قبل از انتخابات کا موضوع زیر بحث نہیں آ‏ئے گا تاہم شام کے صدر کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا واحد راستہ الیکشن ہے-  شامی گروہوں کے درمیان امن مذاکرات تیئیس اور چوبیس جنوری کو قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ میں ہوں گے-

 

ٹیگس