سعودی بمباری، خواتین سمیت آٹھ یمنی شہری شہید
سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے ایک بار پھرمتعدد یمنی شہریوں کو خاک و خوں میں غلطاں کردیا۔
یمن کے المسیرہ ٹیلی ویژن کے مطابق سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ صعدہ کے شہر مران کی ایک شاہراہ پرسفرکرنے والی دو گاڑیوں کو نشانہ بنایا جس میں عام شہری سوار تھے۔
اس حملے میں ایک خاتون سمیت سات عام شہری شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
سعودی جنگی طیاروں نے یمن کے صوبے حدیدہ کے رہائشی علاقے سیالیہ پر بھی بمباری کی جس میں فوری طور پر ایک خاتون کے شہید اور متعدد کے زخمی ہونے کی خـبر ہے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ حدیدہ میں تہامہ سٹی کے قریب واقع نمک کے کارخانے اور سول ایئر پورٹ پربھی بمباری کی۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبہ حدیدہ پر سعودی بمباری میں جانی اور مالی نقصانات میں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ سعودی بمباری کے بعد خوفناک دھماکوں کا سلسلہ تا دیرجاری تھا۔
قابل ذکر ہے کہ چھبیس مارچ دو ہزار پندرہ سے جاری سعودی جارحیت کے نتیجے میں گیارہ ہزار سے زائد یمنی شہری شہید ہو چکے ہیں جن میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی جارحیت کے نتیجے میں یمن کی بنیادی تنصیبات تباہ اور ملک میں غذائی اشیا کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔