بحرین میں حکومت مخالف مظاہرے
بحرین کے دارالحکومت منامہ میں آل خلیفہ حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
العالم کی رپورٹ کے مطابق بحرین کی آل خلیفہ حکومت کے جارحانہ اقدامات سے تنگ مشتعل بحرینی عوام نے مغربی منامہ کے علاقے الدراز کے الفداء چوک پر مظاہرہ اور آل خلیفہ حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی مکمل حمایت اور ان کی زیرقیادت پرامن تحریک جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں کی فائرنگ، متعدد افراد زخمی
آل خلیفہ حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے جمعرات کے روز بحرین کے معروف عالم دین شیخ عیسی قاسم کی رہائشگاہ پر اجتماع کرنے والوں پر فائرنگ کر کے متعدد افراد کو زخمی کر دیا۔
دوسری جانب بحرین کی جمہوریت و آزادی کی تحریک نے جمعرات کے روز ایک بیان میں بحرینی عوام سے اپیل کی کہ وہ الدراز میں اعتصام چوک پر جمع ہو کر متحدہ طور پر آل خلیفہ حکومت کے جرائم کی مذمت کریں۔
اس بیان میں تاکید کے ساتھ کہا گیا ہے کہ الدراز میں مظاہرین پر فائرنگ بحرینی قوم پر آل خلیفہ حکومت کے وحشیانہ مظالم کا واضح ثبوت ہے۔